وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے اعزاز میں کانگریس مین ہنری کیولر اور کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی کی سرکردہ ممبر میکسائن واٹرز کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔
عشائیہ میں محسن نقوی اور اراکین کانگریس کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان کی معیشت اور آئی ایم ایف کے پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے باہمی رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے اراکین کانگریس کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی امریکہ میں مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کررہی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی امریکی معیشت کے ساتھ پاکستان کی اقتصادی صورتحال کی بہتری کے لیے خدمات لائق تحسین ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نژاد معروف امریکی بزنس مین طاہر جاوید اور پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان سعید شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
