Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مراکش کے سفیر کی وزیراعظم سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

 مراکش کے سفیر محمد کرمون نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی مفادات پر بات چیت کی۔

وزیراعظم نے مراکش کے حکام کی جانب سے دخیلہ کے ساحل پر کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کو بچانے میں معاونت کو سراہا اور جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے جسد خاکی کی واپسی میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیر سگالی کے روابط کو بھی اجاگر کیا اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔

مراکش کے سفیر محمد کرمون نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے فریقین جلد ہی دو طرفہ سیاسی مشاورت اور ادارہ جاتی مشاورتی میکانزم کے اجلاس بلانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مراکش کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ مفاد میں کام کرنے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version