کوئٹہ: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن، ترقی، خوشحالی کے دشمنوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سی ایم ایچ کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے قلات و بلوچستان کے دیگر اضلاع میں دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی عیادت کی۔
وزیرِ اعظم نے زخمیوں سے گفتگو کے دوران ان کے ملک کی خاطر قربانی کے جذبے اور وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم کی تعریف بھی کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب قوم کے ہیروز ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو آپ اور قربانی کے جذبے سے سرشار آپ کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ جب تک قوم کا تحفظ ایسے بہادر جوانوں کے سپرد ہے، دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے کیلئے افواج پاکستان اور پاکستانی عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دہشت و شر کی فضاء پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، بلوچستان کے عوام کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز شر پسند عناصر کے سد باب کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہونے دیں گے۔
دورے کے دوران زخمی جوانوں نے بھی وزیرِ اعظم سے گفتگو کی جس کے بعد وزیرِ اعظم نے جوانوں کی بہادری اور ہمت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ بجلی اویس لغاری بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
