وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے پرنس کریم آغاخان کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی رحلت پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پرنس آغا کریم خان کی رحلت پر اظہار افسوس کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان دور اندیش، سخی اور فیاض شخصیت تھے، ان کی میراث نوجوانوں کے لیے مشعل راہ رہے گی۔
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پرنس کریم آغا خان کی جدوجہد سرحدوں سے ماورا، ضرورت مند افراد کے لئے امید کی کرن تھی، پرنس کریم آغا خان ایک شاندار رہنما تھے جنہوں نے دنیا بھرمیں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنایا۔
وزیراعظم نے مزید یہ بھی کہا کہ پرنس کریم آغا خان نے انسانوں کو غربت سے نکالنے، صحت کی سہولیات کی فراہمی اور صنفی مساوات کے لئے بیش قیمت کام کیا، دکھ کی گھڑی میں اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔
اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں فلاح و بہبود اور انسانی خدمت کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی نے انمٹ نقش چھوڑا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ پرنس کریم آغا خان کا خصوصی لگاؤ تھا، پاکستانی عوام کی ترقی و خوشحالی میں پرنس کریم آغا خان کی بے مثال خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
نائب وزیراعظم نے مزید یہ بھی کہا کہ پاکستان پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر سوگوار ہے اور ان کی متاثر کن میراث کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اسحاق ڈار نے پرنس کریم آغا کے اہلِ خانہ اور عالمی اسماعیلی برادری سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرنس آغا کریم نے اپنی جماعت اور کمیونٹی کی تعلیم و تربیت میں بھرپور کردار ادا کیا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان نے اپنی جماعت اور کمیونٹی کے ذریعے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھرپور خدمات سرانجام دیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت اور صوبے کے عوام پرنس کریم آغا خان کی انتقال پر جماعت کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
محمد نوازشریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغاخان کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ
پرنس کریم آغاخان بین الاقوامی شناخت کی حامل ایک محترم شخصیت تھے۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ پرنس کریم آغاخان پاکستان کے دوستوں اور محبت کرنے والے افراد میں نمایاں تھے ، ان کی وفات ہم سب کا ذاتی نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ، صحت کی سہولتوں اور ثقافت کے فروغ کے لیے پرنس کریم آغا خان نے گراں قدر کام کیا، آغا خان نے دنیا میں امن، اسماعیلی کمیونٹی اور پاکستان میں سماجی ترقی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ پرنس کریم آغاخان کی وفات پر ان کے اہل خانہ اور اسماعیلی کمیونٹی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
شرجیل انعام میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرنس کریم آغا خان ایک عظیم مدبر اور انسانیت کے خدمت گار تھے،جنہوں نے دنیا بھر میں فلاح و بہبود بے شمار خدمات انجام دیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان کی سماجی خدمات، انسانیت سے محبت، اور تعلیم و فلاح و بہبود کے لیے کی گئی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ اسماعیلی کمیونٹی اور ان کے چاہنے والوں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔
شرجیل انعام میمننے مزید یہ بھی کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم پرنس کریم آغا خان کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پرنس کریم آغا خان کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پرنس کریم آغا خان عظیم مدبر اور رہنما تھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پرنس کریم آغاخان نے ہمیشہ امن و آشتی، عوام کی صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں عوام کے مفاد کے لیے کام کیا۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ پرنس کریم آغا خان پاکستان سے دلی لگاؤ رکھتے تھے او رمتعدد بار پاکستان تشریف لائے، پرنس کریم آغاخان کی وفات سے دنیا ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گئی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب مزید یہ بھی کہا کہ پرنس کریم آغاخان نے پاکستان میں کئی فلاحی اور سماجی منصوبے شروع کئے، پرنس کریم آغاخان کی وفات ان کے پیروکاروں اوردنیا بھر کے لوگوں کے لیے عظیم سانحہ ہے۔
