Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی: یکجہتی کشمیر ریلی سے جماعت اسلامی کے منعم ظفر خان کا خطاب

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے 5 فروری کو یکجہتی کشمیر ریلی کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا خاتمہ اور کشمیر کے مسلمانوں کی نسل کشی رکنی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے تاریخ کے ہر موڑ پر اپنے اصولوں کے لیے قربانیاں دی ہیں اور کبھی بھی کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ انگریزوں کے دور میں 75 لاکھ روپے کے عوض کشمیر کا سودا کیا گیا، مگر کشمیریوں نے پھر بھی اپنے موقف پر اصرار کیا۔ انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برصغیر کی تقسیم کے وقت کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ سے زائد فوجیوں کی تعیناتی پر تنقید کی اور کہا کہ آزاد کشمیر کی آزادی میں قبائلیوں کا اہم کردار تھا۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ جنوری 1948 سے آج تک اقوام متحدہ کشمیر کے مسئلے پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں کروا سکا، جبکہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان جیسے مسائل پر وہ فوراً قدم اٹھاتا ہے۔

منعم ظفر خان نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی آئین کی تبدیلی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظرانداز کرنے کی بھی مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین سے صبر اور استقامت کا پیغام مل رہا ہے اور ہمیں اس پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے حکمرانوں کو سخت پیغام دیا کہ کشمیر سے غداری پاکستان سے غداری ہے اور مطالبہ کیا کہ کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جہاں جہاں پاکستانی سفارتخانے ہیں، وہاں کشمیریوں کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں۔

آخر میں انھوں نے عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور اس کے لیے دنیا بھر میں آواز بلند کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version