ایف آئی اے لاہور زون نے عمرہ زائرین کے لیے سرکاری ویکسینیشن سینٹر پر جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹس جاری کرنے اور لوٹ مار کا بازار گرم کرنے والے منظم گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔
ایف آئی اے نے برڈ ووڈ روڈ لاہور پر واقع فیڈرل ہیلتھ سینٹر کے 6 ملازمین کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ہونے والوں میں ڈاکٹر شہزاد نسیم (سول سرجن)، محمد اکرم (نرسنگ اسسٹنٹ)، شہزاد محمود (جونیئر کلرک)، عمیر مسیح (خاکروب)، وقاس مسیح (خاکروب) اور نور الحسن (نائب قاصد) شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ملازمین آپس کی سازباز سے ویکسینیشن سینٹر پر بغیر ویکسینیشن لگائے رشوت کے بدلے جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹس جاری کر رہے تھے۔
ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور ان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز خان ورک نے کہا ہے کہ جعل سازی اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور انہیں آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹس سے بچنے کے لیے صرف سرکاری اور قانونی طریقہ کار سے ویکسینیشن کرائیں۔
