Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ کا ویژن پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے، عظمیٰ بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ کا ویژن پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا نے بھی بانی پی ٹی آئی کی انتشار اور جلاﺅ گھیراﺅ کی سیاست کو ریجکٹ کردیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومتی وسائل کے استعمال اور سرکاری ملازمین کی جلسہ گاہ میں حاضریاں لگاکر بھی پانچ ہزار بندے اکٹھے نہیں کرسکے، جنید اکبر اپنے پہلے امتحان میں ہی بری طرح فیل ہوگئے ہیں۔

وزیراطلاعات پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور نے حسب روایت لچرپن سے بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کی، پنجاب کے کسی ضلع سے ان کے لوگ نہیں نکلے، جو نکلے انہوں نے فرمائشی گرفتاریاں دی تاکہ بانی کے سامنے نمبر ٹانگ سکیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 9  مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتوں کے بعد قوم فتنے کی احتجاجی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے بھی دیکھ لیا پنجاب کے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس، اسکالرشپ مل رہے تو ہمیں بھی ملنے چاہیے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ انشاء اللہ جلد مریم نواز خیبرپختونخوا کے بچوں کو بھی اسکالرشپ دیں گی، میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان دوبارہ دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور ملک بن کے سامنے آرہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version