اسلام آباد: ابتدائی معلومات کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں 63 پاکستانی سوار تھے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق لیبیا کشتی حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاکستانی سفارت خانےکی ٹیم طرابلس سے زاویہ پہنچی۔
دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے زاویہ کے اسپتال میں مقامی حکام سے ملاقات کی جب کہ پاکستانی ٹیم کو ملنے والی معلومات کے مطابق کشتی میں 63 پاکستانی سوار تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 16 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں اور جاں بحق افراد کی شہریت کا تعین ان کے پاسپورٹ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کشتی حادثے میں 37 افراد کو بچایا گیا جن میں سے ایک اسپتال میں ہے جب کہ بچ جانے والوں میں سے 33 پولیس کسٹڈی میں ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اطلاعات کےمطابق حادثے میں 10 پاکستانی لاپتہ ہیں اور بچ جانے والوں میں سے 3 طرابلس میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ سفارتخانہ بچ جانے والوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے، طرابلس میں سفارت خانہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔
