رمضان المبارک سے قبل چینی کی قمیت کم کروانا حکومت کے لیے چیلنج بن گیا، تمام تر کوششوں کے باوجود شوگر ملز چینی کی قیمت میں کمی پر تیار نہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت رمضان میں 120 روپے فی کلو کے حساب سے چینی فروخت کی خواہاں ہیں جبکہ شوگر ملز کا مؤقف ہے کہ چینی کی اخراجات ملا کر لاگت 170 روپے فی کلو ہے، ملز نے چینی کی قیمت میں کمی کے لیے 18 فیصد جی ایس ٹی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جی ایس ٹی ختم ہونے سے چینی کی قیمت میں 25 روپے فی کلو کمی ہو سکتی، حکومت نے ملز مالکان سے چینی قیمت میں کمی کے لیے جمعہ تک حتمی جواب مانگ لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں نے آئی ایم ایف شرائط پر اس سال گنے کی امدادی قیمت مقرر نہیں کی، انڈسٹری کو امدادی قیمت مقرر نہ ہونے کے باعث گنا کم قیمت پر دستیاب ہوا۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی نہ دینے سے بھی حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے، ملز نے چینی ایکسپورٹ کرتے وقت قیمتیں نہ بڑھنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔
مشروط اجازت کے بعد قیمتوں میں استحکام کی بجائے مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس وقت چینی کی فی کلو اوسطاً قیمت 155 روپے ہے۔
