Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا پائیدار ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پائیدار ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے ملاقات کی جس دوران وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کے لیے جوہری توانائی کو فروغ دینے کے لیے IAEA کے اقدامات کو سراہا۔

وزیراعظم نے پائیدار ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جب کہ ملاقات میں کینسر کی تشخیص اور علاج، زراعت، غذائی تحفظ، پانی کے انتظام اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بطور رکن کئی دہائیوں پر محیط اس تنظیم کے ساتھ نتیجہ خیز اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایجنسی کے تعاون سے پاکستان نے جوہری توانائی کی پیداوار، صنعتی ترقی، صحت کی دیکھ بھال، زرعی، سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے پرامن مقاصد کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے IAEA کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل IAEA نے پاکستان کے دیرینہ تعاون کو سراہا اور کہا کہ آئی اے ای اے پاکستان کے ساتھ اسی جذبے سے کام کرتا رہے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version