پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے جمہوری کردار کی امید نہیں، ان کی سیاست سے پاکستان کو پاک کرنا ہوگا۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے جرمنی کے شہر میونخ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کا نوجوان مایوس ہے تو اس میں بانی پی ٹی آئی کا کردار ہے، ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس سے ہم نمٹ رہے ہیں، ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا ملک کیسے چلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرانس میں اے آئی کانفرنس ہوئی جہاں دنیا نے ٹیکنالوجی پر بات کی، پاکستان کہاں تھا؟ ہم اپنے نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کیلئے تیار نہیں کررہے ہیں، مقاصد کے حصول کیلئے سیاسی ومعاشی استحکام ودیگر مسائل پرغور کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ نئی حکومت کے بعد سے ماحول تبدیل ہوا اور دہشتگردی کے واقعات بڑھے ہیں، دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا موقف ہمیشہ یہ رہا تمام ادارے ایک دائرے میں کام کریں، سیاستدان بھی اپنے دائر ے میں رہ کر کام کریں، بانی پی ٹی آئی سے جمہوری کردارکی امید نہیں، ان کی سیاست سے پاکستان کو پاک کرنا ہوگا۔
