وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم ان تعصبات کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں جوانسانی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 20 فروری کو ہم سماجی انصاف کا عالمی دن مناتے ہیں، اس دن کا مقصد دنیا بھر کے تمام لوگوں کیلئے مساوات، انصاف، اور وقار کو فروغ دیا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن حکومتوں، تنظیموں اور افراد کی سماجی انصاف اور مساوات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار کی یاد دہانی کراتا ہے، یہ غربت اور صنفی امتیاز جیسے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین، اسلامی اصولوں کے مطابق، بلا امتیاز، سب کیلئے سماجی انصاف اور مساوات کی ضمانت دیتا ہے، ہم نے اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور فروغ دینے کے لیے وسیع پیمانے پر پروگرام متعارف کرائے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم ان تعصبات کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں جوانسانی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں، اس میں صنفی بنیاد پر تشدد کی اصلاحات، جیلوں میں اصلاحات، اور بچوں کے تحفظ کی پالیسیاں اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ہم نے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی شروع کیا ہے، جس میں ایک مربوط سماجی بہبود کا نظام شامل ہے تاکہ معذور افراد اور سماجی طور پر کمزور طبقات کو فوری طور پر موزوں امدادی خدمات تک رسائی فراہم کی جاسکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ‘ اڑان پاکستان’ پروگرام کے تحت سماجی انصاف کے بین الاقوامی دن کے مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ، مساوات، اخلاقیات اور لوگوں کو بااختیار بنانے پر زور دینے کیلئے متعدد مؤثر اقدامات کا آغاز کیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید یہ بھی کہا کہ ہر شہری کو بنیادی انسانی حقوق، معیاری تعلیم، صحت اور اقتصادی مواقع تک رسائی حاصل ہو گی، آج ہم ایک منصفانہ اور جامع دنیا کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
