وزارت خزانہ کی جانب سے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کے 7 ماہ میں ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسٹیٹ بینک ذخائر میں اضافہ ہوا اور روپے کی قدر مستحکم رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی تا جنوری ترسیلات زر میں 25.2 فیصد کا اضافہ جبکہ برآمدات میں سات ماہ میں 9.7 فیصد کا اضافہ ہوا، اس کے علاوہ درآمدات میں بھی سات ماہ میں 16.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی تا جنوری 68 کروڑ ڈالر سے زیادہ سرپلس رہا، جبکہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 8 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11 ارب 20 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہے، اس کے علاوہ ایف بی آر محصولات میں جولائی تا دسمبر 26.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی تا دسمبر نان ٹیکس آمدنی میں 82 فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ مالی خسارے میں جولائی تا دسمبر 36.1 فیصد کی کمی ہوئی، اس کے علاوہ 7 ماہ میں مہنگائی کی شرح 28.7 فیصد سے کم ہوکر 6.5 فیصد پر آگئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 میں 63 ہزار سے زیادہ پاکستانی بیرون ملک ملازمت کیلئے گئے۔
