اسلام آباد: ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وہ آپس میں بغل گیر ہوئے اور ایک دوسرے کے ساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا جب کہ تینوں رہنماؤں کے درمیان اس موقع پر خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر ابوظہبی کے ولی عہد کو روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کئے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔
شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی پاکستان آیا ہے جس میں وزراء، اعلیٰ حکام اور ممتاز کاروباری شخصیات شامل ہیں۔
ابوظہبی کے ولی عہد وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ ان کے استقبال کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جب کہ معزز مہمان کے راستے میں خیرمقدمی بینرز اور جھنڈے آویزاں کئے گئے ہیں۔
پاکستان اور یو اے ای کے جھنڈے تھامے چھوٹے چھوٹے بچوں نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ ابوظہبی کے ولی عہد کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتا ہے اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دورے کے دوران ولی عہد پاکستان کی قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے جب کہ تاریخی رشتوں کو مضبوط بنانے اور اقتصادی و سرمایہ کاری میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے بات چیت کریں گے۔
اس دورے کے دوران کثیر جہتی شعبوں میں طویل مدتی تعاون کے لئے موجودہ مضبوط فریم ورک کو تقویت دینے کے لئے کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔
