اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے دو کشمیری تنظیموں پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارتی حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کو “غیر قانونی” قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت معروف کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق کر رہے ہیں، جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے بانی مولانا محمد عباس انصاری 2022 میں انتقال کر گئے۔
انکا کہنا تھا کہ بھارت میں کالعدم قرار دی گئی کشمیری جماعتوں کی تعداد 16 ہوگئی، کشمیری سیاسی جماعتوں پر پابندیاں جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے آہنی ہتھکنڈے اپنا رہی ہے، کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی اور یو این قراردادوں پر عمل درآمد کیا جائے۔
