سندھ کےسینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گرین لائن بی آرٹی میں 50 ہزارمسافرسفرکریں گے۔
سندھ کےسینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نےگزشتہ روز سندھ میں امن و امان سے متعلق اجلاس طلب کیا، بلاول بھٹو کی ہدایت ہے کہ سندھ حکومت، محکمہ داخلہ ٹریفک حادثات کے مسائل دیکھے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کچھ لوگ تنقید اور پروپیگنڈا کرتے رہتے ہیں، یہاں پر ہر محکمہ کوئی نہ کوئی کیڑےنکالتا ہے، سندھ حکومت دن رات عوام کے لیے کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آرٹی پراجیکٹ میں مسائل ہیں، ٹرانسپورٹ کامحکمہ اچھےافسران کےساتھ بہترکام کررہاہے، آج ریڈ لائن بی آرٹی کابھی دورہ کرناہے، ریڈلائن کےباعث ٹریفک مسائل کا سامنا ہے لوگ برابھلاکہتےہیں،کے فور والوں کو بعد میں یاد آیا جو پانی کی لائن بچھائی تھی اس پرکام نہیں ہوا۔
شرجیل انعام میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنے لوگوں کو کہا ہے عوام کے مسائل کےحل کے لیے کام کرناہے، محکموں کی کوئی لڑائی نہیں، بی آرٹی اپنے لیے نہیں عوام کے لیے بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کا مقصد اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرانسپورٹ سروس ہے، وقت سے پہلےاس پراجیکٹ کومکمل کرنےجارہےہیں، سندھ حکومت نے بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات دینےکا تہیہ کررکھا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید یہ بھی کہا کہ چاہتے ہیں شہری اچھی اور ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں سفرکریں، اسٹیٹ آف دی آرٹ بی آر ٹی کوریڈور بنایاجارہا ہے، ورلڈ بینک کے تعاون سےسندھ حکومت یہ منصوبہ بنارہی ہے۔
