Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیرِ اعظم کی خیبر پختونخوا میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی

وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب آپریشن اور سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیرِ اعظم نے مہمند اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 9 خارجیوں کے جہنم رسید کرنے کے آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کی جرات اور بہادری کی تعریف کی۔

وزیرِ اعظم نے ان بہادر جوانوں کا ذکر کیا جو وطن کی خاطر جان کی بازی لگاتے ہوئے شہید ہوئے۔

انہوں نے حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ کو خراج عقیدت پیش کیا جو اس آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔

وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی اور کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے ہمارے بہادر جوانوں اور ان کے اہل خانہ پر پوری پاکستانی قوم فخر کرتی ہے اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version