اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جناح میڈیکل سینٹر پاکستان کا دوسرا جان ہاپکنز ثابت ہوگا۔
گلگت بلتستان میں انسداد ہیپاٹائٹس سی کے پائلٹ پروجیکٹ کی کامیاب تکمیل پر وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں تعاون پر آغا خان فاؤنڈیشن، ڈبلیوایچ او کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس پاکستان میں تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو ذمے داری سونپی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں پہلا اسکریننگ یونٹ قائم کیا، اسکریننگ یونٹ کو ضلع اور تحصیل کی سطح پر پھیلایا گیا، پنجاب میں گزشتہ حکومت نے پروگرام کی راہ میں رکاوٹیں حائل کیں۔
انکا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہیپاٹائٹس سی پروگرام کو دوبارہ شروع کیا گیا ہے، اسلام آباد میں جدید ترین جناح میڈیکل سینٹرکا آغاز کررہے ہیں، جناح میڈیکل سینٹر پاکستان کا دوسرا جان ہاپکنز ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی کے ایل آئی ایک خواب تھا جسے رفقا کی معاونت سے سچ ثابت کیا، گلگت بلتستان سے ہیپاٹائتس سی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
