رحیم یار خان: بلوچستان میں جاں بحق ہونے والے چاروں مزدوروں کی میتیں آبائی علاقے پہنچ گئیں۔
بلوچستان کے علاقے منجر میں قتل کیے گئے چاروں مزدوروں کی میتیں آبائی علاقے صادق آباد پہنچادی گئیں، جہاں گھروں میں کہرام مچ گیا اور علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔
گذشتہ روز بلوچستان کے علاقے منجر میں مسلح افراد نے کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں صادق آباد سے تعلق رکھنے والے چار مزدور جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد امین، دلاور حسین، منور حسین اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے۔
چاروں مزدور تین ماہ قبل روزگار کے سلسلے میں بلوچستان گئے تھے۔ ان کی میتیں آبائی گھروں میں پہنچنے پر اہلِ خانہ پر غشی کے دورے پڑ گئے اور علاقے میں سوگ کا سماں بندھ گیا۔
چاروں مزدوروں کی نمازِ جنازہ آج رات بعد از نمازِ عشاء ادا کی جائے گی جب کہ تدفین ان کے آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔
