Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہمارے بہادر سپوت کا نام ہمیشہ یاد رہے گا، پاک فوج شہداء کے پیاروں کا خصوصی پیغام

عید الفطر کے موقع پر پاک فوج کے شہداء کے لواحقین نے اپنے پیاروں کو یاد کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے جوانوں نے قوم کے لیے اپنی خوشیاں قربان کیں اور جانیں نچھاور کیں، جس پر ان کے خاندانوں نے فخر کا اظہار کیا۔

نائیک عرفان شہید کے والد نے کہا کہ شہادت ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اللہ نے میرے بیٹے کو اتنا بڑا رتبہ دیا، ہماری عید ادھوری گزرے گی کیونکہ ہمارا بیٹا نہیں ہے۔

شہید کے بیٹے نے کہا کہ ہمارے بابا بہت اچھے تھے، میں انہیں بہت یاد کرتا ہوں۔ ہر سال عید آتی ہے لیکن اس سال ہماری عید ادھوری گزر رہی ہے۔

سپاہی ندیم عباس شہید کے والد کا کہنا تھا کہ الحمداللہ میرا بیٹا شہید ہوا اور مجھے اس پر فخر ہے، میں ملک کے محافظوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

شہید کی والدہ نے کہا کہ میرا بیٹا بہت بہادر تھا اور اس نے موت کو ملک کی خاطر گلے لگایا، اللہ سب کو ندیم جیسا بیٹا دے۔

سپاہی عامر شہید کی اہلیہ نے کہا کہ اللہ نے میرے شوہر کو شہادت کا عظیم رتبہ عطا کر کے انہیں بلند مقام بخشا، میرے شوہر کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم ہمیشہ پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، دشمن یاد رکھے، پاکستان کی مائیں اور بیٹیاں اپنے پیاروں کی قربانی سے نہیں ہچکچاتیں۔

شہید کی بیوہ کا کہنا تھا کہ ہمیں پاک فوج کے بہادر جوانوں پر بہت ناز ہے، ہمیں فخر ہے کہ ہم کسی بھی موقع پر اپنے شہداء اور غازیوں کو نہیں بھولتے۔

شہید کے بیٹے نے کہا کہ جب بھی عید آتی ہے تو مجھے اپنے بابا کی بہت یاد آتی ہے۔

پاک فوج کے جوانوں نے قوم کے لیے اپنے پیاروں کو اکیلا چھوڑ دیا، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شہداء کے لواحقین نے اپنے پیاروں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے عید کے موقع پر عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version