Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے، صدر آصف زرداری

اسلام آباد: صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

صدر آصف زرداری نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کی برسی پر انکی خدمات، جدوجہد، قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو عظیم مدبر، جرأت مند رہنما اور عوام کے حقیقی نمائندے تھے، انہوں نے پاکستان کو ترقی، خودمختاری اور عوامی فلاح کے راستے پرگامزن کیا اور قوم کو پہلا متفقہ آئین دیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، انہوں نے ملک کی خارجہ پالیسی کو ایک آزاد اور خودمختار تشخص دیا،ان کی قیادت میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی اور مسلم امہ کے اتحاد کی راہ ہموار کی۔

انکا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں، کسانوں اور پسے ہوئے طبقے کو حقوق دیئے، قائد عوام کے اقدامات کی بدولت تعلیم، صنعت اوردفاعی شعبے میں نمایاں پیشرفت ہوئی۔

صدرمملکت نے مزید کہا کہ ہم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے، پاکستان کی خود مختاری، جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، عہد کرتے ہیں پاکستان کوترقی یافتہ، خود مختار اور عوام دوست ملک بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version