Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر انتقال کر گئے

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر مختصر علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔

اہل خانہ کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر کراچی کے مقامی اسپتال زیر علاج تھے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ  تاج حیدر کی نماز جنازہ کل بروز بدھ مسجد و امام بارگاہ یثرب فیز 4 ڈیفنس سوسائٹی میں ادا جائے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل، سینئر رہنما تاج حیدر کے انتقال پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا پیغام

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تاج حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں پر محیط سینیٹر تاج حیدر کی سیاسی، سماجی اور ادبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاج حیدر تہذیب اور شائستگی کا ایک باوقار پیکر تھے، اور ان کی جمہوریت کے لیے جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کے لئے ایک مشعل راہ ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تاج حیدر پاکستانی سیاست میں شعور اور دانش کی ایک شناخت تھے۔ ان کے انتقال سے ہمیں دلی دکھ اور صدمہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بیان

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی وفات سے مجھ سمیت تمام کارکنان کو دلی صدمہ پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل تلافی نقصان ہے جسے مدتوں پورا نہیں کیا جا سکتا۔ تاج حیدر زیرک، مدبر اور سلجھے ہوئے سیاسی رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ جمہوریت اور عوامی خدمت کے لیے جدوجہد کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار تعزیت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم تاج حیدر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالٰی مرحوم کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا بیان

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مرحوم تاج حیدر کی سیاسی و عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version