Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا وزیراعظم کو خط؛ دوا سازی کے شعبے میں خامیوں پر تشویش

اسلام آباد: ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے وزیر اعظم کو خط ارسال کیا ہے جس میں دوا سازی کے شعبے میں موجود ریگولیٹری خامیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے خط میں کہا گیا ہے کہ دوا ساز کمپنیاں مصنوعی قلت پیدا کرکے مہنگی ادویات فروخت کررہی ہیں جب کہ طبی آلات کے قواعد کی خلاف ورزی بھی سامنے آئی ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ دوا سازی کی صنعت پر موثر نگرانی نہیں کر رہی۔

خط میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ ڈھائی سالوں میں وفاقی انسپکٹرز برائے ادویات کی نئی تقرری عمل میں نہیں آسکی جس کے نتیجے میں ملک بھر میں صرف دو وفاقی انسپکٹرز فعال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کمی کے باعث 700 سے زائد دوا ساز لائسنس ہولڈرز بغیر مناسب نگرانی کے کام کر رہے ہیں جس سے غیر منظم اور مضر طبی مصنوعات کے مارکیٹ میں داخل ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 2012 کے ڈریپ ایکٹ کے باوجود مستقل ڈائریکٹر کی تقرری نہیں کی گئی جس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے وزیراعظم سے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور ضروری وفاقی انسپکٹرز کی تقرری اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی درخواست کی ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے نظام صحت کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version