اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے آگے بڑھنا اور اپنا کھویا مقام حاصل کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے طلبہ کو چین بھیجنے کے پہلے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے زرعی گریجویٹس آج اعلیٰ تعلیم کیلئے چین جارہے ہیں، پاکستانی طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کرنے پر چین کی حکومت کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین جانے والے طلبہ دن رات کام کریں اور ٹیکنالوجی لیکر آئیں، پاکستان چین سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے تجربات سے استفادہ کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج شعبہ زراعت کے لیے ایک انتہائی اہم دن ہیں، پاکستانی طلبہ بیجنگ اور اسلام آباد کے درمیان پُل کا کردار ادا کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ اہم مواقع پر چین نے لازوال کردار ادا کیا، پروگرام میں چاروں صوبے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بچے شامل ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تیزی سے آگے بڑھنا اور کھویا مقام حاصل کرنا چاہتا ہے، نوجوان اور تجربہ اکٹھا نہ ہونے تک ترقی کا فقدان رہے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین پاکستان کا برے وقت کا ساتھی ہے، یو اے ای، سعودی عرب، قطر، کویت ہمارے بہترین دوست ہیں۔
