Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا عید الاضحیٰ پر آلائشیں اٹھانے کا حتمی پلان تیار

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے عید الاضحیٰ کے دوران آلائشوں کو مؤثر طریقے سے اٹھانے کے لیے جامع اور حتمی منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کے مطابق، شہر بھر میں صفائی اور آلائشوں کی منتقلی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

طارق علی نظامانی نے بتایا کہ شہر کے مختلف لینڈ فل سائیڈز جیسے جام چاکرو، گوند پاس اور شرافی گوٹھ میں آلائشوں کو دفنانے کے لیے خندقیں تیار کر لی گئی ہیں۔

ان علاقوں میں آلائشوں کو دفن کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے کے لیے 16 ہزار ملازمین اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ ان کی مدد کے لیے 10 ہزار گاڑیاں بھی اس آپریشن میں حصہ لیں گی۔

اس کے علاوہ، آلائشوں کو اٹھانے والی گاڑیوں کی آمدورفت کو مانیٹر کرنے کے لیے جدید ٹریکنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے تاکہ آپریشن کی نگرانی اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: ڈمپرز ایسوسی ایشن کا عیدالاضحیٰ پر کراچی سے آلائشیں نہ اٹھانے کا اعلان

آلائشوں کو اٹھانے والے ڈمپر سرخ رنگ کے ترپال استعمال کریں گے جبکہ کچرے کے ڈمپر ہرے رنگ کے ترپال کے ساتھ کام کریں گے، تاکہ شہریوں کو آسانی سے شناخت ہو سکے۔

شہر بھر میں آلائشوں کو اکٹھا کرنے کے لیے 98 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے آلائشوں کو اٹھا کر لینڈ فل سائیڈز منتقل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے عوامی شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1128 چوبیس گھنٹے فعال رہے گی تاکہ کسی بھی شکایت کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔

طارق علی نظامانی نے مزید بتایا کہ شہر بھر سے 25 ہزار ٹن بھالو مٹی اٹھا کر لینڈ فل سائیڈز منتقل کی جائے گی۔

اس دوران سندھ سالڈ ویسٹ کا عملہ ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا تاکہ آپریشن کی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

شہریوں کو آلائشیں جمع کرنے کے لیے بائیوگریڈایبل بیگز فراہم کیے جائیں گے، تاکہ ماحول کی صفائی میں بھی معاونت ہو اور آلائشوں کے منتقلی کے عمل میں سہولت مل سکے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version