Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نادرا کی نئی سہولت؛ شناختی کارڈ اب یونین کونسلز سے حاصل کریں، مکمل تفصیل پڑھیں

اسلام آباد: نادرا نے شہریوں کو دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے نجات دلانے کے لیے ایک بڑی سہولت فراہم کردی ہے۔ اب شناختی کارڈ سمیت دیگر اہم خدمات مقامی یونین کونسلز میں ہی دستیاب ہوں گی۔

نادرا کی اس نئی پہل کے تحت شہری اپنی متعلقہ یونین کونسلز سے براہ راست شناختی خدمات حاصل کرسکیں گے جن میں قومی شناختی کارڈ کا اجراء اور تجدید، بچوں کے ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، ازدواجی حیثیت میں تبدیلی اور شناختی کارڈ کی منسوخی سمیت دیگر خدمات شامل ہیں۔

ابتدائی طور پر یہ سہولت اسلام آباد کی یونین کونسلز سائیڈ پور، سہالہ، ماڈل ٹاؤن، کورال، آئی-10/4، چکوال کی علاقے مرید اور گجرات کے دولت نگر میں فراہم کی گئی ہے۔

نادرا نے حال ہی میں شناختی کارڈ کے اجراء کے عمل کو بھی بہتر بنایا ہے تاکہ دفاتر میں لمبی قطاروں سے بچا جاسکے۔

کراچی میں شناختی کارڈ کی تجدید اور دیگر خدمات کے لیے نادرا نے بائیکر سروس کو 3 یونٹس سے بڑھا کر 8 یونٹس تک توسیع دی ہے جس سے گھریلو فراہمی کا عمل مزید تیز اور مؤثر ہوگیا ہے۔

نادرا کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی خان نے بتایا کہ اب کراچی کے تمام اضلاع میں رہائشی شناختی کارڈ کی تجدید سمیت دیگر خدمات بائیکر سروس کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’پاک آئی ڈی‘ موبائل ایپ کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے کراچی میں ایک روڈ شو منعقد کیا گیا جب کہ یونیورسٹیوں، اسکولوں اور شاپنگ مالز میں پروموشنل مہمات بھی چلائی گئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک آئی ڈی ایپ کی سافٹ ویئر اپڈیٹ مکمل کرلی گئی ہے اور تمام تکنیکی مسائل حل کردیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version