Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مون سون کا چوتھا اسپیل؛ سینٹرل کے بعد جنوبی پنجاب بھی متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا اسپیل شروع ہونے والا ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے پنجاب نے 20 سے 25 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور منڈی بہاؤالدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب بھی متاثر ہوگا

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 18 سے 23 جولائی کے دوران ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارشیں متوقع ہیں جن سے نشیبی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔

دیگر متاثرہ شہر

مزید علاقوں میں لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی شامل ہیں، جہاں شدید موسم کے باعث شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ہدایات

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی طور پر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ڈی جی کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی ہائی الرٹ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے کی تلقین کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی شہری کھلے مقامات سے پرہیز کریں اور محفوظ جگہوں پر پناہ لیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version