Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی

ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی

پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو کو 47 سال قبل آج ہی کے دن، 4 اپریل 1979 کو راولپنڈی میں ایک قتل کے مقدمے میں پھانسی دی گئی تھی تاہم مارچ 2024 میں سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اس مقدمے میں ان کا ٹرائل منصفانہ نہیں تھا۔

ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا اور بعد ازاں برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی۔ 1963 میں وہ ایوب خان کی کابینہ میں وزیر خارجہ بنے مگر بعد میں اختلافات کے باعث علیحدگی اختیار کر لی۔

انہوں نے 30 نومبر 1967 کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی جو اپنے نظریات کے باعث جلد ہی ملک کی مقبول ترین جماعتوں میں شامل ہو گئی۔

بھٹو صاحب 1971 سے 1973 تک پاکستان کے صدر اور پھر 1973 سے 1977 تک منتخب وزیر اعظم رہے۔ ان کے دور میں 1973 کا آئین تشکیل پایا جو آج بھی ملک کا بنیادی آئینی ڈھانچہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور عالمی سطح پر ملک کی حیثیت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بعد ازاں ضیاء الحق کی جانب سے مارشل لا نافذ کر کے ان کی حکومت ختم کر دی گئی اور ایک متنازع مقدمے کے بعد انہیں سزائے موت دے دی گئی۔

ذوالفقار علی بھٹو اگرچہ آج ہم میں موجود نہیں مگر ان کے نظریات اور سیاسی خدمات آج بھی ملکی سیاست میں گونجتی محسوس ہوتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version