Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایل پی جی گیس کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر سامنے آ گئی

اس وقت ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت 530 سے 630 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے

ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر ہے کہ سردیوں میں گیس کی دستیابی بہتر بنانے اور قیمتوں میں کمی کے لیے اہم پیشرفت سامنے آگئی، سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی نے 70 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈرز جاری کردیے۔

ذرائع کے مطابق سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی ایس ایل ایل انٹرنیشنل اسپاٹ مارکیٹ سے ایل پی جی خریدے گی، اس سلسلے میں ایک ٹینڈر 20 ہزار جبکہ دوسرا 50 ہزار میٹرک ٹن کا جاری کیا گیا ہے۔ درآمدی ایل پی جی لے کر بحری جہاز تقریباً 15 روز میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پاکستان ریفائنری و دیگر متعلقہ سرکاری ادارے پارکو بھی عالمی مارکیٹ سے ایل پی جی خریدیں گے۔ پی ایس او، سوئی سدرن اور پارکو کو درآمدی ایل پی جی کے نرخ مقرر کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔

کمپنی ذرائع کے مطابق موجودہ عالمی قیمتوں کے حساب سے درآمدی ایل پی جی پاکستان پہنچنے پر تقریباً 450 روپے فی کلو پڑے گی، جبکہ معمولی منافع شامل کرکے اسے صارفین کو تقریباً 460 روپے فی کلو میں فروخت کیا جاسکے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی ایل پی جی کی خریداری کا مقصد تجارتی منافع کمانا نہیں بلکہ عوام کو مناسب قیمت پر گیس فراہم کرنا اور سردیوں میں سپلائی مستحکم رکھنا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت 530 سے 630 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ سرکاری اداروں کی جانب سے درآمدی گیس کی فراہمی شروع ہونے پر صارفین کو موجودہ قیمتوں کے مقابلے میں 70 سے 130 روپے فی کلو تک ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version