مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بدولت پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہورہی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پوری پارٹی لیڈرشپ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مسلم لیگ (ن) سے زیادہ گلگت بلتستان کو کوئی نہیں جانتا اور اس خطے کی خدمت میں پارٹی کی کارکردگی اپنی مثال آپ ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا گلگت بلتستان کے لیے جذبہ میرے جیسا ہی ہے اور وہ اس علاقے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، موٹروے بنانا کوئی احسان نہیں بلکہ ایک ضرورت ہے۔
سابق وزیراعظم کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان میں 60 ارب روپے سے زائد لاگت سے بننے والی سڑک نے فاصلے کم کردیے ہیں۔ دنیا بھر سے سیاح گلگت بلتستان آنا چاہتے ہیں اور سہولتوں کی فراہمی سے سیاحت میں مزید اضافہ ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ سفارتی سطح پر پاکستان کا نام بلند ہوا ہے اور وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا کردار لائق تحسین ہے جب کہ ان کی بدولت پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہورہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب میں بھرپور ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور دوسرے صوبوں کو بھی پنجاب کے منصوبوں کی تقلید کرنی چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ خیبرپختونخوا میں 15 سال سے اقتدار میں موجود پارٹی کون سے فلاحی کام کر رہی ہے؟، صوبے کے عوام صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں۔ نواز شریف نے یقین دلایا کہ گلگت بلتستان بھی تعمیر و ترقی میں پیچھے نہیں رہے گا۔
