Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں 10 ماہ کے دوران 49 ہزار جرائم، 26 ہزار موٹرسائیکلیں چوری، 444 افراد قتل

گزشتہ سال 2025 میں کراچی میں مختلف نوعیت کے جرائم کے مجموعی طور پر 65 ہزار 463 واقعات رپورٹ ہوئے تھے

شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیاں بدستور شہریوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہیں، رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران مختلف نوعیت کے جرائم کے 49 ہزار 159 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 26 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں چوری اور 16 ہزار سے زائد موبائل فون چھیننے کے واقعات شامل ہیں۔

سٹیٹ سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران کراچی میں گاڑیاں چھیننے کے 163 اور چوری ہونے کے ایک ہزار 167 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ موٹرسائیکل چھیننے کے 4 ہزار 382 اور چوری کے 26 ہزار 222 واقعات سامنے آئے۔

اعداد و شمار کے مطابق 10 ماہ کے دوران شہریوں کو موبائل فونز سے محروم کرنے کے 16 ہزار 668 واقعات رپورٹ ہوئے، جو شہر میں اسٹریٹ کرائم کی سنگین صورت حال کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس عرصے میں اغوا برائے تاوان کے 3، بھتہ خوری کے 117 اور بینک ڈکیتی کا ایک واقعہ بھی رپورٹ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران کراچی میں قتل کے 444 واقعات پیش آئے، جو شہر میں امن و امان کی صورت حال پر کئی سوالات اٹھاتے ہیں۔

سی پی ایل سی کے مطابق گزشتہ سال 2025 میں کراچی میں مختلف نوعیت کے جرائم کے مجموعی طور پر 65 ہزار 463 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری سمیت موبائل فون چھیننے کی وارداتیں شہریوں کے لیے بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہیں۔ بالخصوص موٹرسائیکل چوری کے 26 ہزار سے زائد واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ شہریوں کی قیمتی املاک کا تحفظ اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے، جبکہ قتل کے سینکڑوں واقعات نے شہر میں مؤثر جرائم کی روک تھام اور پولیسنگ کی ضرورت مزید بڑھا دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version