Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کے امتحانات مذاق بن گئے! سینٹرز میں ٹک ٹاکرز کی انٹری، ویڈیوز وائرل

ویڈیوز میں کچھ مقامات پر حل شدہ امتحانی کاپیاں غیر متعلقہ افراد کے ہاتھوں میں دیکھی گئیں

کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے دوران سیکیورٹی اور نظم و ضبط کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں جہاں امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کی آزادانہ آمد و رفت معمول بنتی جا رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بعض ٹک ٹاکرز امتحانی سینٹرز کے اندر داخل ہوکر ویڈیوز بنانے میں مصروف نظر آئے جس سے حساس امتحانی ماحول متاثر ہو رہا ہے، اس صورتحال نے نہ صرف امتحانات کی شفافیت پر خدشات پیدا کیے ہیں بلکہ سیکیورٹی انتظامات کی کمزوری بھی واضح کر دی ہے۔

ویڈیوز میں کچھ مقامات پر حل شدہ امتحانی کاپیاں غیر متعلقہ افراد کے ہاتھوں میں دیکھی گئیں جس سے کاپیوں کی حفاظت اور امتحانی عمل کی ساکھ شدید خطرے میں پڑ گئی ہے۔

مزید برآں نقل مافیا کے ساتھ سوشل میڈیا عناصر کی سرگرمیوں نے مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

یہ تمام صورتحال اس وقت سامنے آئی ہے جب شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت غیر متعلقہ افراد کے امتحانی مراکز میں داخلے پر پابندی ہونی چاہیے تاہم اس قانون پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

تعلیمی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانی نظام کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ شفاف اور منصفانہ امتحانات کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں