آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا فتح 2 میزائل کا کامیاب ٹریننگ لانچ کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اندرون ملک تیار کیا گیا فتح 2 میزائل جدید ایویانکس اور نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے۔
اس کامیاب ٹریننگ لانچ کا مقصد فوجیوں کی تربیت، مختلف تکنیکی پہلوؤں کی جانچ اور بہتر درستگی اور بڑھتی ہوئی بقا کی صلاحیت کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فتح 2 لانچ کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسروں نے کیا جب کہ اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدان اور انجینئرز بھی لانچ کے موقع پر موجود تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کے کامیاب مشق میں حصہ لینے والے تمام افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔



















