Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چمن میں افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید، پاک فوج کا مؤثر ردعمل جاری

آپریشن غضب للحق کے تحت دہشتگردوں کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی حکام

چمن میں سرحد پار سے مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے ایک سنگین واقعے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، جس کے بعد علاقے میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 28 اپریل کو افغان سرحد کی جانب سے مارٹر گولے فائر کیے گئے جو شہری آبادی پر گرے۔

ذرائع کے مطابق واقعے میں مقامی رہائشی دوست محمد کا بیٹا جاں بحق جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔ مارٹر گولہ گرنے سے متاثرہ خاندان کا گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور آگ لگنے کے باعث املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

متاثرہ شہریوں نے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلااشتعال گولہ باری سے ان کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک شہری کے مطابق مارٹر فائر کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ پیشہ ورانہ اصولوں کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے صرف دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور عسکری اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ سرحد پار سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات تشویشناک ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات خطے کے امن کو متاثر کر سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن غضب للحق کے تحت دہشتگردوں کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں، اور دفاع وطن کے لیے فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ آپریشن اپنے مقررہ اہداف کے مکمل حصول تک جاری رہے گا جبکہ شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں