پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ناقابلِ تردید شواہد منظرعام پر آگئے ہیں، فالس فلیگ آپریشنز اور سرحد پار دہشت گردی کے ذریعے اپنی سیاسی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا مودی سرکار کا وطیرہ بن چکا ہے۔
بھارتی تربیت یافتہ دہشت گرد عبدالمجید کی گرفتاری اور اس سے برآمد مواد نے پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا پول کھول دیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلگام فالس فلیگ کے چند دن بعد بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متعلق ناقابل تردید شواہد دنیا کے سامنے پیش کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گرد نیٹ ورکس کی سرپرستی کررہا ہے، 7دن گزرنے کے باوجود بھارت پاکستان پر لگائے گئے بےبنیاد الزامات کا ایک بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کے حاضر سروس افسران پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی کرتے ہیں، بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کو آئی ای ڈیز اور دھماکہ خیزمواد فراہم کر کے سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔
ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں، پاکستان دہشت گردوں کی بھارت میں تربیت، علاج سمیت دیگر سہولتکاری کے ناقابل تردید شواہد دنیا بھر کے سامنے رکھ چکا ہے۔
