کراچی: کے الیکٹرک کے چیئرمین شہریار چشتی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیئرمین کے الیکٹرک شہریار چشتی کی ملاقات ہوئی جس میں سی ای او کے الیکٹرک سید طحہٰ، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری توانائی اور دیگر شریک تھے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما کا آغاز ہے، شہر کا غریب طبقہ طویل لوڈشیڈنگ کی مشکلات سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں لوڈشیڈنگ میں خاص طور پر غریب علاقوں میں کمی ہونی چاہیے، غریب علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کا کوئی حل نکالا جائے اس پر چیئرمین شہریار چشتی نے کہا کہ کے الیکٹرک سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام پر اسٹڈی کرنے کی بھی ہدایت دے دی جس پر چیئرمین کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ سستی بجلی کی پیداوار ناگزیر ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر کے کوئلے کو استعمال کرکے سستے بجلی بنا کر کے الیکٹرک کو دی جائے، وہ سستی بجلی کے الیکٹرک غریب علاقوں میں سستے داموں بلاتعطل فراہم کی جائے، ہم کے الیکٹرک سے شراکت داری کر کے صنعتی علاقوں کو مناسب قیمت پر بجلی مہیا کرنے کا پلان بنا رہی ہے۔
دوران ملاقات وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ توانائی کو ہدایت دی کہ سستی بجلی مہیا کرنے کے لیے مختلف تجاویز مرتب کریں۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اور کمشنر کراچی، سیکریٹری توانائی اور سی ای او کے الیکٹرک پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی جو شہر کے غریب علاقوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔



















