Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کے پانی کے نظام میں بڑی پیش رفت، یورپی بینک کے ساتھ اربوں کے جدید منصوبوں کا آغاز

معاہدہ شہر کے واٹر سسٹم میں بہتری اور عوامی سہولیات کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، میئر کراچی

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور یورپی انویسٹمنٹ بینک کے درمیان بین الاقوامی تعاون کے نئے دور کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جس کے تحت شہر کے واٹر سسٹم کو جدید بنانے کے لیے اہم منصوبوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔

کراچی میں ہونے والی تقریب میں دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت  پر دستخط کیے گئے جس میں گھارو اور پپری پمپنگ اسٹیشنز پر جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس کے قیام اور نظام کی بہتری پر مشترکہ کام کیا جائے گا۔

دستخطی تقریب میں مرتضیٰ وہاب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی، سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد علی اور یورپی بینک کے نمائندے ایڈوارڈاس بُمشٹیناس نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاروبلس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق اس معاہدے کے تحت نہ صرف فلٹریشن نظام کی جدید ڈیزائننگ اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ بین الاقوامی مالی معاونت سے شہر کے پانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر کہا کہ یورپی انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے 10 سال بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کا آغاز ایک خوش آئند پیش رفت ہے جس سے شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید اور پائیدار واٹر مینجمنٹ سسٹم کراچی جیسے بڑے شہر کی بنیادی ضرورت ہے اور اس بین الاقوامی اشتراک سے نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی بلکہ شہر کے انفراسٹرکچر کو بھی مضبوط بنایا جا سکے گا۔

میئر کراچی کے مطابق یہ معاہدہ شہر کے واٹر سسٹم میں بہتری اور عوامی سہولیات کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا جس کے مثبت اثرات مستقبل میں واضح طور پر سامنے آئیں گے۔

متعلقہ خبریں