وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی موجودہ معاشی اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر کم آمدن طبقے کے لیے ریلیف اقدامات جاری رکھنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے دی جانے والی سبسڈی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ساتھ ہی سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے نرخوں میں اضافے کو روکنے کے لیے بھی واضح احکامات دیے گئے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات میں عوام کو اربوں روپے کا ریلیف پیکیج فراہم کیا ہے اور اس تسلسل کو کسی صورت روکا نہیں جائے گا۔ ان کے مطابق عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عوامی ریلیف کے تمام اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ ان کا فائدہ براہ راست شہریوں تک پہنچ سکے۔
انہوں نے دعا کی کہ خطے کی صورتحال میں جلد بہتری آئے، جس سے نہ صرف معاشی دباؤ کم ہوگا بلکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی استحکام پیدا ہونے کی امید ہے۔



















