وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی اصلاحاتی پالیسیوں کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے تحت کراچی پورٹ پر ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزیر بحری امور نے اعلان کیا کہ پہلی بار مکمل ٹرانس شپمنٹ جنرل کارگو جہاز “ایم وی ارلن” کی کراچی بندرگاہ پر کامیاب برتھنگ عمل میں آئی ہے، جو ملکی بحری شعبے کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تحت صرف کنٹینرز کی ٹرانس شپمنٹ کی جاتی تھی، تاہم اب جنرل کارگو، بلک، بریک بلک اور گاڑیوں کی ہینڈلنگ کا آغاز ہونے سے بندرگاہ جدید ٹرانس شپمنٹ دور میں داخل ہو چکی ہے۔
محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اس پیش رفت کے بعد کراچی پورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ایک اہم ٹرانس شپمنٹ مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جس سے عالمی تجارتی راستوں کے ساتھ روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحری شعبے میں جاری اصلاحات کے واضح نتائج سامنے آ رہے ہیں اور حکومت کا عزم ہے کہ بندرگاہوں کی ترقی کے ذریعے علاقائی تجارت کو فروغ دے کر معیشت کو مستحکم بنایا جائے۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی بندرگاہی اہمیت میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
