Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

معصوم بچے کے قتل کیس میں ملزمان کی گرفتاری پر وزیر داخلہ سندھ کی پولیس ٹیم کو شاباش

ملزمان نہ صرف معصوم بچے کے قتل بلکہ ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھے، ضیا الحسن لنجار

صوبائی وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے معصوم بچے کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر جامشورو پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پوری ٹیم کو شاباش دی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سفاکانہ واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری ایک اہم کامیابی ہے، جس سے عوام کے اعتماد کی بحالی میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ظفر چھانگا (ایس ایس پی جامشورو) اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ملزمان نہ صرف معصوم بچے کے قتل بلکہ ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھے، جو انتہائی سنگین جرائم ہیں اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ کوئی بھی ملزم قانون کی گرفت سے بچ نہ سکے۔

ضیاءالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں پولیس کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں