لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور حکومتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات سے آگاہ کیا جبکہ نواز شریف نے عوامی مشکلات کم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے پر زور دیا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود غریب طبقے کو تحفظ دینے کی ہدایت دی۔
دوران ملاقات نواز شریف کو ایران امریکا مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی قومی قیادت کی پس پردہ کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کیے بغیر عوام کو ریلیف دینا ممکن نہیں اور ن لیگ حکومت کی وفاق اور پنجاب میں ایک ہی پالیسی ہونی چاہیے کہ عوام کی مشکلات کو حل کرے۔
