Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایوانِ صدر میں بہادری اور قومی خدمت کا اعتراف، شہداء سمیت اعلیٰ عسکری شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہداء اور مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا

ایوان صدر میں عسکری اعزازات تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت نے وطن کے دفاع، قومی سلامتی اور پیشہ ورانہ خدمات میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افسران اور جوانوں کو اعلیٰ عسکری اعزازات سے نوازا۔

تقریب میں پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام، شہداء کے اہل خانہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خصوصی خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

تقریب کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید کو بے مثال جرات کے اعتراف میں ستارۂ بسالت عطا کیا گیا، یہ اعزاز ان کے اہل خانہ نے وصول کیا۔ سپاہی ثوبان مجید بلوچ شہید کو وطنِ عزیز پر قربانی کے اعتراف میں ستارۂ بسالت دیا گیا جبکہ سپاہی اسرار محمد کو غیر معمولی بہادری پر ستارۂ بسالت سے نوازا گیا۔

پاک فضائیہ کے ایئر مارشل کاشف قمر اور ایئر مارشل عامر شہزاد کو غیر معمولی خدمات پر ہلالِ امتیاز (ملٹری) دیا گیا۔ اسی طرح ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات، ایئر وائس مارشل شاہد منصور جہانگیری، ایئر وائس مارشل طاہر محمود اور ایئر وائس مارشل خالد محمود کو پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

پاک فوج کے میجر جنرل محمد شاہد ابڑو، میجر جنرل سبطین رفیق، میجر جنرل ملک مقبول رضا، میجر جنرل اعجاز احمد، میجر جنرل ملک محمد شہزاد، میجر جنرل عامر اشفاق کیانی، میجر جنرل قیصر سلیمان، میجر جنرل عمر نسیم، میجر جنرل لقمان حفیظ، میجر جنرل عامر امین، میجر جنرل سید عمران عارف، میجر جنرل ہارون حمید چوہدری، میجر جنرل وسیم افتخار چیمہ، میجر جنرل محمد حسین، میجر جنرل شعیب بن اکرم، میجر جنرل یاسر نواز جنجوعہ، میجر جنرل کاشف خلیل، میجر جنرل سید عباس علی، میجر جنرل احمد کمال، میجر جنرل کاشف عبداللہ، میجر جنرل رانا عرفان شکیل، میجر جنرل محمد عباس اور میجر جنرل انجم ریاض کو شاندار قومی اور پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) عطا کیا گیا۔

پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل مظہر محمود ملک، ریئر ایڈمرل رضوان صادق اور ریئر ایڈمرل محمد خالد کو بھی مثالی اور گرانقدر خدمات پر ہلالِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہداء اور مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ ایوانِ صدر حب الوطنی کے جذبات سے گونج اٹھا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version