Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی کانگریس رکن کا وزیراعظم اورفیلڈ مارشل کے نام اہم تعریفی خط

پاک امریکا اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کروں گا، جیک برگمین

واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس جیک برگمین نے وزیراعظم شہبازشریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام اہم تعریفی خط لکھا ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور امن مذاکرات میں پاکستان کے سفارتی کردار کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

امریکی کانگریس کے رکن جیک برگمین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام اہم تعریفی خط ارسال کیا ہے۔

کانگریشنل پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین جیک برگمین نے اپنے خط میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے لئے مخلصانہ تشکر اور دائمی قدردانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا حقیقی ریاستی بصیرت کا ثبوت ہے۔

امریکی رکنِ کانگریس نے کہا کہ فریقین کے درمیان جاری امن مذاکرات میں پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کی رہنمائی پر وہ دلی طور پر مشکور ہیں جب کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کیا۔

جیک برگمین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات دیرپا اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس بھی پاکستان کے منفرد اور مثبت سفارتی کردار کا عوامی سطح پر اعتراف کرچکے ہیں۔

امریکی رکنِ کانگریس نے مزید کہا کہ وہ پاک امریکا اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔

متعلقہ خبریں