Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف

آپریشن غضب للحق پوری قوت، عزم اور قومی یکجہتی کے ساتھ جاری ہے

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیکلٹی اور زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے قومی سلامتی، دفاع وطن اور خطے کی صورتحال پر اہم اظہار خیال کیا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ قومی خودمختاری، امن اور استحکام کے تحفظ کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور بے مثال قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان آرمڈ فورسز نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بناکر اپنی پیشہ ورانہ برتری ثابت کی۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو تاریخی قرار دیتے ہوئے پوری عسکری قیادت اور جوانوں کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے پاکستان کے دانشمندانہ طرزعمل اور منصفانہ مؤقف کو تسلیم کیا ہے، جبکہ ملک اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آپریشن غضب للحق پوری قوت، عزم اور قومی یکجہتی کے ساتھ جاری ہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version