Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امن کے فروغ کا عزم

ترکیہ پاکستان کا مضبوط، مخلص اور قابل اعتماد اتحادی ہے، شہباز شریف

استنبول: وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے موقع پر مشترکہ نیوز بریفنگ میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی امن اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہنے اور مستقبل میں اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

شہباز شریف کا خطاب

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ استنبول کا خوبصورت شہر ایشیا اور یورپ کو ملانے والا تاریخی مرکز ہے جب کہ ترکیہ پاکستان کا مضبوط، مخلص اور قابل اعتماد اتحادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے لازوال تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے جس کی بنیاد ترکیہ کی جنگ آزادی کے دوران رکھی گئی۔ علی برادران کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ترکیہ کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کی جب کہ ترکیہ نے بھی ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر رجب طیب اردوان کی مخلصانہ حمایت کے باعث پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل میں پاکستان نے خلوص نیت سے کوششیں کیں، یہ ایک کٹھن سفارتی مشن تھا تاہم اللہ کے فضل سے جنگ بندی ممکن ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ اب ضروری ہے کہ امن کے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور نئے امکانات کو دوطرفہ تعاون اور علاقائی خوشحالی کے لیے استعمال کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج ترکیہ کا صنعتی منظرنامہ مکمل طور پر تبدیل ہوچکا ہے اور صدر اردوان کی قیادت میں ملک نے غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پاکستان ترکیہ کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، خصوصاً ڈسکوز کی نجکاری، ٹرانسمیشن سسٹم کی بہتری، توانائی اور متبادل توانائی کے شعبوں میں۔

شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ بزنس ٹو بزنس تعاون مزید مؤثر ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جب پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو ملک نے اپنی خودمختاری اور وقار کا بھرپور دفاع کیا جب کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کو ایسا جواب دیا جو تاریخ کا حصہ بن گیا۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ امریکا اور ایران کے صدور نے پاکستان کی ثالثی میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جب کہ اس مشکل وقت میں ترکیہ، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان صرف دوست نہیں بلکہ حقیقی بھائی اور خاندان کی مانند ہیں جب کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

ترک صدر کا اظہار خیال

اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

رجب طیب اردوان کہتے ہیں کہ عالمی امن کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتہائی اہم ہے اور ترکیہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

ترک صدر نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافے پر بھی گفتگو ہوئی جب کہ خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے متعلقہ وزارتیں قریبی روابط برقرار رکھیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کرے گا اور دونوں ممالک خوشحال مستقبل کے لیے مل کر آگے بڑھتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version