جمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلَمبو جولز کی سربراہی میں دفاعی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ جی ایچ کیو آمد پر کانگو کے چیف آف ڈیفنس کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے اور مزید مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
کانگو کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلَمبو جولز نے دورے کے دوران چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل استعداد اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
انہوں نے دفاعی شعبے میں پاکستان کی مقامی پیداوار اور خود انحصاری کے ذریعے حاصل ہونے والی نمایاں پیش رفت کی بھی تعریف کی۔