کراچی: میر رضا کیس کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، بول نیوز نے میر رضا کی آخری سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی ہیں جس میں انہیں سفید آلٹو گاڑی میں مختلف مقامات سے گزرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز میں میر رضا کی گاڑی کے پیچھے کالے شیشوں والی ایک سوئفٹ گاڑی بھی جاتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔
فوٹیجز کے مطابق میر رضا نے گیسٹ ہاؤس سے کچھ فاصلے پر اپنی گاڑی رکوا دی جس کے بعد وہ گاڑی سے اتر کر پیدل چلتے ہوئے آگے گئے۔
سی سی ٹی وی مناظر میں صبح 4 بج کر 33 منٹ پر میر رضا کو سفید آلٹو سے اتر کر پیدل جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ صبح 4 بج کر 33 منٹ کے بعد کالے شیشوں والی سوئفٹ گاڑی گیسٹ ہاؤس کے باہر آکر رکتی دکھائی دیتی ہے۔
مناظر میں سوئفٹ گاڑی سے 5 افراد کو اترتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جو بعد ازاں گیسٹ ہاؤس میں داخل ہوگئے۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق کالے شیشوں والی گاڑی میں موجود افراد سے میر رضا کیس کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی کی جاچکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ان افراد سے میر رضا کیس سے متعلق کوئی اہم معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔
تحقیقاتی ذرائع باتے ہیں کہ کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بھی واقعات کی کڑیاں جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
