جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سرگودھا میں کانفرنس روکنے کی کوششوں اور راستوں کی بندش پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ملک بھر میں احتجاج، شٹر ڈاؤن اور شاہراہیں بند کرنے کی کال دے دی۔
ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج سرگودھا میں کانفرنس کا اعلان کیا گیا تھا اور ملک کے مختلف حصوں سے قافلے اجتماع میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں، تاہم لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے باہر کنٹینرز کھڑے کرکے نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام رکاوٹوں کے باوجود سرگودھا روانہ ہونے کے لیے پُرعزم ہیں۔
جے یو آئی سربراہ کے مطابق سرگودھا جانے والے راستے، موٹروے اور مختلف شاہراہیں بند کردی گئی ہیں جبکہ شہر میں کرفیو جیسی صورتحال ہے اور کانفرنس کے پنڈال پر پولیس کا قبضہ ہے۔ انہوں نے کارکنوں کی گرفتاریوں اور مرکزی و صوبائی قیادت کی نظربندی کا بھی دعویٰ کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے خبردار کیا کہ اگر انہیں کانفرنس میں پہنچنے سے روکا گیا یا اجتماع منعقد نہ ہونے دیا گیا تو ملک بھر میں کارکن اور عوام سڑکوں پر نکلیں گے، شاہراہوں اور موٹرویز کو بند کیا جائے گا اور آمرانہ اقدامات کے خلاف ملک گیر احتجاج و شٹر ڈاؤن کیا جائے گا۔ انہوں نے سرگودھا کے مقامی امیر کے وکیل بیٹے کی گرفتاری اور مبینہ تشدد کی بھی مذمت کی۔
