لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر چارٹر طیاروں کے ذریعے اسٹریٹ موومنٹ چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت چارٹر طیارے کے مسافروں کی فہرست، رقم کی ادائیگی اور ٹریکنگ ڈیٹا جاری کرے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا چارٹر طیاروں پر اسٹریٹ موومنٹ چلارہے ہیں جب کہ جہازوں پر تنقید کرنے والے یوٹیوبرز اب کہاں چلے گئے ہیں؟
انہوں نے سوال کیا کہ اس چارٹر طیارے کا خرچہ خیبرپختونخوا کے عوام کو کتنے میں پڑے گا اور کیا مڈل کلاس وزیراعلیٰ خود اس طیارے کا خرچہ برداشت کریں گے؟
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جس صوبے کے پاس تنخواہیں دینے اور گندم خریدنے کے پیسے نہیں، اس صوبے کا وزیراعلیٰ چارٹر طیاروں پر سیر سپاٹے کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چارٹر طیارے میں مڈل کلاس وزیراعلیٰ کے ہمراہ یوٹیوبرز بھی موجود ہیں جب کہ جن لوگوں کو پنجاب کے جہاز کی تکلیف تھی، ان کا وزیراعلیٰ اب چارٹر طیاروں پر سیر سپاٹے کر رہا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جو جرم یہ خود کرتے ہیں، اس کا الزام دوسروں پر لگاتے ہیں۔ ان کا لیڈر بھی ساری عمر چور چور کی گردان کرتا رہا اور خود سب سے بڑا چور نکلا، بدقسمتی ہے کہ انہیں کون سا ٹائٹل دیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت چارٹر طیارے کے مسافروں کی فہرست، طیارے کے اخراجات کی ادائیگی اور ٹریکنگ ڈیٹا جاری کرے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جو فلائٹ نمبر اور بورڈنگ کارڈ دکھایا جارہا ہے، وہ فلائٹ اسلام آباد سے بہاولپور جاتی ہے جب کہ جس فلائٹ میں سفر کیا گیا وہ رحیم یار خان گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ چارٹر فلائٹ تھی۔ اب زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا، رسیداں کڈو رسیداں۔
