راولپنڈی: پاک فوج نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 48 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی کے اضلاع میں گزشتہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیاں کی گئیں۔ 4 ستمبر کو مستونگ میں 6 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے برآمد گولہ بارود کے ذخیرے اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کو بھی تباہ کردیا گیا۔ کوئٹہ کے علاقے شعبان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جب کہ کارروائی کے دوران 26 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قلات میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ قلات میں 2 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سال 2026 کے دوران بلوچستان میں آپریشنز کے نتیجے میں 1188 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔ عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کے آپریشنز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔
